جب عوام پر اضافی بوجھ ڈالنا ہو تو بلا تاخیر فیصلے نافذ کر دیئے جاتے ہیں، لیکن جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر ریلیف دینے کا وقت آتا ہے تو حکومت پسپائی اختیار کرلیتی ہے؛ پارٹی اعلامیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2026ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہونے کے باوجود قیمتیں برقرار رکھنا حکومت اور آئل و ایل پی جی مافیا کے گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کے حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، پی ٹی آئی نے اس اقدام کو معاشی نااہلی، عوام دشمن پالیسی اور بااثر مفاداتی لابیوں کے سامنے حکومت کی مکمل بے بسی کا واضح ثبوت قرار دیا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے پسے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے حکومت نے ایک بار پھر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، آئل ٹینکر مافیا اور بڑے ڈیلرز کے مالی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے، جب عوام پر اضافی بوجھ ڈالنا ہو تو بلا تاخیر فیصلے نافذ کر دیے جاتے ہیں، لیکن جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر ریلیف دینے کا وقت آتا ہے تو حکومت پسپائی اختیار کر لیتی ہے، یہ دوہرا معیار معاشی انصاف کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پارٹی اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک بھر میں غریب اور متوسط طبقے کے صارفین سے ایل پی جی کے سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، حکومت کی یہ غفلت اور بے عملی یہ تاثر دیتی ہے کہ وہ بلیک میلرز اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے الٹا ایل پی جی مافیا کی سرپرستی کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے حکومت سے مطالبات کیے ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے عوام تک منتقل کیا جائے، قوم کو یہ سچ بتایا جائے کہ آخر کس طاقتور لابی کے مفادات کے تحفظ کے لیے عوام کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور عالمی قیمتیں گرنے سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ کہاں جا رہا ہے؟۔
پی ٹی آئی نے اپنے بیان کے آخر میں واضح کیا ہے کہ عوام اب حکومت کے نمائشی اعلانات سے مطمئن نہیں ہوں گے، کیونکہ موجودہ حکمرانوں کے نزدیک عوام کی جیب کی کوئی اہمیت نہیں بلکہ اصل اہمیت صرف ان طبقات کی ہے جو اقتدار کے ایوانوں تک رسائی رکھتے ہیں، اور عوام اس ناانصافی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
Post Views: 206