لاہور میں قاری کے مبینہ تشدد نے 12 سالہ بچے کی جان لے لی، ملزم فرار

معصوم بچے کی ناگہانی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا، غم سے نڈھال ورثاء نے تھانہ برکی میں ملزم قاری غلام رسول کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور اندراجِ مقدمہ کی باقاعدہ درخواست دائر کر دی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2026ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے برکی میں انتہائی المناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک قاری کے مبینہ وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں 12 سالہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے علاقہ برکی میں ایک قاری غلام رسول نے چند روز قبل 12 سالہ معصوم بچے کو مبینہ طور پر شدید اور بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کے باعث بچہ شدید زخمی اور نڈھال ہو گیا، جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج زندگی کی بازی ہار گیا۔ بتایا گیا ہے کہ معصوم بچے کی ناگہانی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور غم سے نڈھال ورثاء نے تھانہ برکی میں ملزم قاری غلام رسول کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور اندراجِ مقدمہ کی باقاعدہ درخواست دائر کر دی، پولیس حکام نے کہا ہے کہ بچے کی لاش کو قبضے میں لے کر فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھجوا دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ سائنسی بنیادوں پر سامنے آ سکے۔ علاقہ پولیس نے بتایا ہے کہ اس واقعے کے بعد سے مقدمے میں نامزد ملزم قاری غلام رسول روپوش ہو گیا ہے، مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری اور اسے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مختلف مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور ملزم کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *