ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد ساہی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) جیکب آباد ڈاکٹر سراج احمد ساہتو کی صدارت میں ڈی سی آفس کے دربار ہال میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے حوالے سے ایک آگاہی اجلاس

جیکب آباد (پورٹ: اے جی بلوچ) ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد ساہی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) جیکب آباد ڈاکٹر سراج احمد ساہتو کی صدارت میں ڈی سی آفس کے دربار ہال میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے حوالے سے ایک آگاہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف این جی اوز کے نمائندوں، پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں، سوشل موبلائزرز، ٹک ٹاک آرٹسٹس اور سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد ساہی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جیکب آباد ڈاکٹر سراج احمد ساہتو نے شرکاء کو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چار ماہ سے دس سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو بوسٹر ڈوز لگوانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسی موذی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ میڈیا، این جی اوز، سماجی کارکنوں، فنکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے والدین میں آگاہی پیدا کریں، مہم سے متعلق درست معلومات عوام تک پہنچائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے عوام کی حوصلہ افزائی کریں۔

تقریب کے دوران مقامی فنکاروں کی جانب سے پولیو سے بچاؤ اور ویکسینیشن کی اہمیت پر مبنی ایک آگاہی ٹیبلو بھی پیش کیا گیا، جسے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور شرکاء نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد ساہی کو ویکسین کا انجیکشن لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ ان کے ساتھ پریس کلب سے وابستہ صحافی زائد کھرل اور آرٹسٹ امداد لاشاری کو بھی ویکسین لگائی گئی، جس کا مقصد عوام میں ویکسینیشن کے حوالے سے اعتماد اور مثبت پیغام کو فروغ دینا تھا۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے پولیو بوسٹر ڈوز مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جیکب آباد ڈاکٹر سراج احمد ساہتو نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز ضرور لگوائیں اور مزید معلومات کے لیے صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *