تحریر: محمد حنیف کاکڑ راحت زئی
جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر، محسنِ جمعیت اور ممتاز سینیٹر، حضرت مولانا عبد الواسع صاحب کی ذاتِ گرامی بے شمار محامد و اوصاف کا مجموعہ ہے۔ اللہ رب العزت نے آپ کی طبعِ مبارک میں حلم، بردباری اور عالی ظرفی کی وہ نادر کیفیت ودیعت فرمائی ہے کہ آپ اپنے شدید ترین مخالفین اور عناد رکھنے والوں کے ساتھ بھی نہ صرف عفو و درگزر سے کام لیتے ہیں بلکہ خلوصِ قلب کے ساتھ انہیں آغوشِ محبت میں سمیٹ لیتے ہیں۔
میں جمعیت علماء اسلام سے کسی بھی وجہ سے نالاں یا راہِ راست سے مائلِ انحراف افراد کی خدمت میں مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور حضرت مولانا عبد الواسع صاحب سے شرفِ ملاقات حاصل کریں۔ ان شاء اللہ، ان کے تمام خدشات، تحفظات اور گلے شکوؤں کا نہایت سنجیدگی، انصاف اور حسنِ تدبیر کے ساتھ ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
حقیقت یہ ہے کہ حضرت مولانا عبد الواسع صاحب وہ نایاب گوہر ہیں، جس کی قدر و قیمت صرف ایک باخبر جوہری ہی پہچان سکتا ہے۔ ہر سطحی نگاہ ان کی اصل تابانی، بصیرت اور بلند مرتبے کا ادراک نہیں کر سکتی۔ آپ کی شخصیت حلم، متانت، بصیرت اور عالی ظرفی کا ایک حسین امتزاج ہے، جو دلوں کو جوڑنے اور تفرقے کو ختم کرنے کا پیغام دیتی ہے۔
ایسے بے داغ، باکردار اور مدبر قائدین کسی بھی جماعت اور ملت کے لیے باعثِ افتخار ہوتے ہیں اور اتحاد و یگانگت کے روشن مینار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حضرت مولانا عبد الواسع صاحب ایک ایسی باوقار اور اعلیٰ اوصاف کی حامل شخصیت ہیں، جن کی قیادت پر کارکنان اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی بصیرت، تدبر اور خیرخواہی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
