اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے پیٹرولیم ریلیف کے لیے پروگرام کا اجراء کیا ہے، ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جاری ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزراء عطاء تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ٹو ویلر، تھری ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑی والوں کو ریلیف دیا جائے گا، ٹو ویلر کے لیے 20 لٹر پیٹرول پر ریلیف ہے، 800 سی سی تک 30 لٹر پیٹرول پر سبسڈی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے توازن رکھنا ہے کہ پروگرام سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہوسکیں، یہ پروگرام 2 حصوں میں تقسیم ہے، پہلے حصے میں رجسٹرڈ ہونا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ آپ نے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے سی این آئی سی نمبر بھیجنا ہے، پھر آپ نے اپنی بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن بتانی ہے، آپ کو اپنے صوبے یا شہر کا بھی بتانا ہے، صوبہ آپ نے وہ ڈالنا ہے جس میں آپ کی گاڑی یا بائیک رجسٹرڈ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ ضروری ہے، معلومات میں کوئی کمی ہوئی تو میسج آئے گا کہ کیا کمی ہے، یہ پراسس ایک بار ہی کرنا ہے، اس سے آپ رجسٹرڈ ہو جائیں گے، پھر جب آپ پیٹرول لینے جائیں گے تو آپ نے 9771 پر TOK لکھ کر میسج کرنا ہے۔
