سندھ کی وحدت، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں آئینی ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سکھر انٹرنیشنل پیس مارچ میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے-
جیکب آباد(رپورٹ: ے جی بلوچ) جمعیت علماء اسلام سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ امریکی صدر فیس سیونگ کے لیے فالس فلیگ کارروائی کا سہارا لے کر ایران پر دوبارہ حملے کی سازش کر رہے ہیں، جبکہ ملک کا اشرافیہ طبقہ قومی وسائل کو لوٹ رہا ہے، جس کے نتیجے میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد مبارکپور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ حرمین شریفین اسلام، انسانیت اور ایمان کا مرکز ہیں، جن کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی وحدت، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں آئینی ترمیم پر کسی بھی صورت میں وار برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام سندھ کے زیر اہتمام 19، 20 اور 21 مارچ 2027ء کو سکھر انٹرنیشنل پیس میلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ان کے لاکھوں افراد شرکت کرکے امن، بھائی چارے اور انسانیت کے لیے اپنا پیغام دیں گے۔اس موقع پر حاجی محمد عباس بنگلانی، محکم الدین بروہی، صوفی اللہ یار،قاری محمد عثمان بہٹو،مولانا عبدالواحد مستوئی،کرم اللہ مہر، قاری ریاض احمد ٹانوری، مولانا ہمت اللہ برڑو ، خالد حسین چنہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
