کراچی(نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے برطانیہ کے شہر گلاسگو میں انٹرنیشنل واٹر ایسوسی ایشن (IWA) کے زیر اہتمام منعقدہ ورلڈ واٹر کانگریس اینڈ ایگزیبیشن 2026 میں ادارے میں جاری مالیاتی، انتظامی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا۔ چیف فنانشل آفیسر واٹر کارپوریشن محمد عمار علی خان نے “Are Your Organisations Ready for the Evolution Required to Succeed?” کے عنوان سے منعقدہ خصوصی سیشن میں پینلسٹ کی حیثیت سے شرکت کی اور ادارے میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مالیاتی انتظام میں بہتری، انتظامی اصلاحات، ادارہ جاتی استحکام، جدید نظام اور ٹیکنالوجی کے نفاذ سمیت ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے عالمی سطح پر شریک ماہرین اور مندوبین کو آگاہ کیا۔ محمد عمار علی خان نے پانی کی منصفانہ تقسیم، آپریشنل کارکردگی، شفافیت اور کراچی میں پانی و نکاسی آب کے پائیدار انتظام کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی پیش کیے۔ انہوں نے سروس ڈیلیوری میں بہتری، مالیاتی پائیداری اور ادارہ جاتی جوابدہی کے حوالے سے جاری اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق عالمی واٹر فورم میں ادارے کی شرکت سے کراچی کے پانی و نکاسی آب سے متعلق مسائل اور مستقبل کی ترقیاتی ضروریات کو عالمی واٹر سیکٹر کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے میں مدد ملے گی جبکہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تکنیکی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مستقبل میں شراکت داری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
گلاسگو عالمی واٹر کانگریس: واٹر کارپوریشن کے سی ایف او کی مالیاتی اصلاحات پر بریفنگ
