یارو کھوسہ میں ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد، سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ، ادویات بھی فراہم کی گئیں
یارو کھوسہ میں سابقہ کلینک ڈاکٹر لیاقت کے مقام پر ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے اور گردونواح سے آنے والے سینکڑوں مریضوں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور انہیں موقع پر ہی مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
فری آئی کیمپ ڈاکٹر سیف الرحمان کی نگرانی میں منعقد ہوا، جبکہ ڈاکٹر ارشاد حسین اور ڈاکٹر سجاول خان نے سرپرستی کی۔ کیمپ کے انعقاد میں ڈاکٹر محسن سجاد اور ان کی ٹیم نے خصوصی تعاون کیا۔
کیمپ کے دوران آنکھوں کی مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ خصوصاً کالا موتیا، سفید موتیا اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی مشورے اور ادویات فراہم کی گئیں۔ بعض مریضوں کو مزید تفصیلی معائنے اور علاج کے لیے فری ہسپتال لاڑ، ملتان آنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ سفید موتیا کے مریضوں کو آپریشن اور دیگر علاج کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ یارو کھوسہ اور گردونواح میں آنکھوں کی بیماریوں، خصوصاً کالا موتیا اور سفید موتیا کے مریضوں کی تعداد تشویش ناک ہے۔ کالا موتیا کا بروقت معائنہ اور علاج نہ کروانے سے بینائی مستقل طور پر ضائع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے، اس لیے آنکھوں کا باقاعدگی سے چیک اپ انتہائی ضروری ہے۔
ڈاکٹر سجاول خان نے کہا کہ ان شاء اللہ ہر ماہ فری آئی کیمپ لگانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ علاقے کے غریب اور مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے فری آئی کیمپ کی کامیابی میں تعاون کرنے والے مقامی افراد، ڈاکٹرز اور سماجی شخصیات کا شکریہ ادا کیا، جن میں عرفان اللہ عرف فانی لنگاہ اور صحافی چوہدری احمد سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
یارو کھوسہ کے عوامی و سماجی حلقوں نے فری آئی کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایسے طبی کیمپ مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یارو کھوسہ میں ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد
