ڈیرہ غازی خان میں گندے نالوں کے آلودہ پانی سے فصلوں کی کاشت، شہریوں کی صحت خطرے میں پڑنے کا خدشہ

ڈیرہ غازی خان (چوہدری احمد ڈیلی جستجو سے) ڈیرہ غازی خان میں گندے نالوں کا آلودہ پانی فصلوں کو سیراب کرنے کے لیے استعمال ہونے لگا۔ کسان گندے پانی سے دھان کی فصل اور مختلف اقسام کی سبزیاں کاشت کرنے میں مصروف ہیں، جس کے باعث شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
گندے نالوں کے پانی میں موجود مضر صحت جراثیم اور کیمیائی آلودگی فصلوں اور سبزیوں کے ذریعے انسانی خوراک کا حصہ بن سکتی ہے، جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں اور دیگر زرعی اجناس روزانہ شہری منڈیوں تک پہنچتی ہیں، جہاں سے یہ عوام کے گھروں تک پہنچتی ہیں۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، محکمہ ماحولیات، محکمہ زراعت اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گندے نالوں کے پانی سے فصلوں کی آبپاشی کا فوری نوٹس لیا جائے، پانی اور سبزیوں کے نمونے لیبارٹری بھجوائے جائیں اور انسانی صحت کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *