ہم اور ہماری سوچ کا زاویہ

تحریر: چوھدری احمد ڈیرہ غازی خان سے )

آج کے اس تیز رفتار اور جدید دور میں جہاں ہر انسان مادی آسائشوں اور سہولیات کی دوڑ میں مصروف ہے، وہیں ایک خاموش مگر انتہائی گہرا بحران ہماری سوچ اور فکر کا بھی جنم لے چکا ہے۔ ہم صبح سے شام تک اپنے اردگرد کے حالات، معاشی دبائو اور معاشرتی رویوں کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں، لیکن بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ ہم چند لمحے ٹھہر کر اپنی سوچ کے زاویے کا جائزہ لیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں پیش آنے والے واقعات بذات خود اتنے خوشگوار یا تکلیف دہ نہیں ہوتے جتنا ہماری سوچ کا زاویہ انہیں بنادیا کرتا ہے۔ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ہم اور ہماری سوچ کا زاویہ بالکل مختلف ہے اور دنیا کے دیگر لوگوں کی سوچ کا زاویہ بھی مختلف ہوتا ہے۔ قدرت نے ہر انسان کو الگ مزاج، الگ تجربات اور الگ فہم عطا کیا ہے۔ ایک ہی منظر کو دیکھنے والی دو آنکھیں بالکل مختلف نتائج اخذ کرسکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک شخص بارش کے قطروں میں کیچڑ اور پریشانی دیکھتا ہے، جبکہ دوسرا انہی قطروں میں رحمت اور نئی زندگی کی امید تلاش کرتا ہے۔ یہی سوچ کے زاویے کا فرق انسان کی شخصیت اور اس کے فیصلوں کا تعین کرتا ہے۔

آج ہر انسان آگے بڑھنے کی خواہش رکھتا ہے اور ہر وقت ایک دوسرے سے مقابلے میں لگا رہتا ہے۔ ہم ہمیشہ اس فکر میں مبتلا رہتے ہیں کہ فلاں شخص ہم سے آگے کیسے نکل گیا اور اس نے اتنی ترقی کیسے کرلی۔ اسی موازنے اور دوڑ میں ہم یہ بنیادی حقیقت بھول جاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی تقدیر میں اپنی حکمت کے تحت تقسیم لکھ دی ہے۔ رب حسن ظن، قناعت اور شکرگزاری کو اپنا زاویہ نگاہ بنا لیں تو نہ صرف ہمارے رشتے مضبوط ہوں گے بلکہ ہماری اپنی زندگی بھی پرسکون ہو جائے گی۔ اگر ہم واقعی ایک مطمئن زندگی اور صحت مند معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی سوچ کے زاویے کو وسعت دینی ہوگی۔ ہمیں اللہ کی تقسیم پر راضی رہنا اور دوسروں کی مختلف سوچ کا احترام کرنا ہوگا۔ جس دن ہم نے دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی محنت پر توجہ دی اور دوسروں کی کامیابی سے جلنے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا شروع کردیا، اسی دن ہماری زندگی اور ہمارے معاشرے کی تصویر بدلنا شروع ہو جائے گی۔

یاد رکھیے، انسان کی اصل پہچان اس کا قیمتی لباس، بڑا عہدہ یا ظاہری مرتبہ نہیں بلکہ اس کی سوچ اور فکر ہوتی ہے۔ جہاں اختلاف رائے کو ذاتی دشمنی بنالیا جاتا ہے، حالانکہ اگر ہم یہ حقیقت تسلیم کر لیں کہ ہر فرد کا زاویہ نگاہ مختلف ہو سکتا ہے، تو معاشرے کے آدھے سے زیادہ جھگڑے اور غلط فہمیاں خود بخود ختم ہو جائیں۔ ہماری سوچ کا براہ راست اثر ہمارے گھروں اور خاندانی نظام پر پڑتا ہے۔ اگر ہم چھوٹی سی بات کو تنازعہ نہ بنائیں اور دوسروں کے مختلف نقطہ نظر کو تسلیم نہ کریں تو مضبوط رشتے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر ہم حسن ظن، قناعت اور شکرگزاری کو اپنا زاویہ نگاہ بنا لیں تو نہ صرف ہمارے رشتے مضبوط ہوں گے بلکہ ہماری اپنی زندگی بھی پرسکون ہو جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *