پرانے زمانے کا واقعہ ہے کہتے ہیں،ہارون الرشید کے دورمیں قحط پڑگیا،غریب ومجبور عوام کو زندگی کے لالے پڑنے لگے،لوگوں نے بادشاہ کے محل کے باہر فریاد شروع کی تو ملکہ زبیدہ نے اپنے حاجبین سے پوچھا کیا معاملہ ہے،تو انہوں نے عرض کیا لوگ غلے کے لیے فریاد (اس زمانے میں احتجاج نہیں ہوتا تھا)کررہے ہیں،تو ملکہ عالیہ نے غصے سے فرمایا،اگر غلہ نہیں تو لوگوں کو گھی دودھ بھی نہیں ملتا وہی کھالیں۔ کہتے ہیں زمانہ اپنے کودہراتا ہے،شہنشاہیت ہو یا جمہوریت ہو،طاقت انسان کو انسان نہیں رہنے دیتی،کہ مولینا رومی کا ایک شعر ہے کہ”نفس ماہم کمتر ازفرعون نیست،آں کہ اورا عون مارا عون نیست“،جب عون یا طاقت آجاتی ہے تو ہرنفس میں فرعونیت ابھر آتی ہے،اوربندہ چاہے خدا نہ کہلوائے لیکن اس میں خدائی کا احساس محسوس ہونے لگتا ہے۔ایک مسلمان کے لیے یہی اولیں اسلامی حکم ہے کہ وہ ہر بھلے اور برے میں اللہ کے حکم کی اطاعت کرے،ناکہ طاقت میں مجبوری کو بھول جائے،اورمجبوری میں اپنی حیثیت ہی کو بھول جائے،بہادر شاہ ظفر نے کہا تھا،”ظفر آدمی اس کو نہ جانیے گا وہ ہو کیسا ہی صاحبِ فہم وذکا، جسے عیش میں یادِ خدا نہ رہی جسے طیش میں خوفِ خدا نہ رہا“۔پاکستان آج کل عجیب قسم کے حالات سے دوچار ہے،عالمی قسم کی مجبوریاں،اندرونی کشمکش اورعوامی مشکلات،سب کچھ بیک وقتے شاید صاحبانِ اقتدارکے لیے اتنا آسان نہیں کہ وہ اسے نبھا سکیں،مرکزی حکومت عالمی مسائل سے نمٹنے میں دن رات مصروف ہے،جبکہ اندرونی مسائل صوبائی حکومتوں اوربیوروکریسی کے ذمے ہیں،صوبائی حکومتیں دو صوبوں میں انارکی اوردہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیں جبکہ سندھ اورپنجاب قدرے اس معاملے سے محفوظ ہیں،اورکچھ صوبائی تعمیروترقی کے لیے کام کررہے ہیں،لیکن اس کے ساتھ مشکلات میں گھری عوام کوقانونی طورپربہترشہری بنانے کی مشق سے عوام کے نچلے طبقے کوروزانہ کسی نہ کسی طرح سے بیوروکریسی کی زدمیں آتے اوران کے سامنے روتے اورگڑگڑاتے دکھایاجاتا ہے،موٹرسائیکل سوار کے ہیلمٹ کا معاملہ ہویا،نمبرپلیٹ کی بات ہو،روزانہ ناکوں پر کھڑے اللہ کے بندے کسی کی غربت اورمجبوری کو بالائے طاق رکھتے ہوے،لوگوں کے چالان کرتے رہتے ہیں،جس میں بعض غریب لوگ بے چارگی سے موت کی منہ میں چلے گئے،بعض آہ وفریئاد کرنے لگے،قانون کی پابندیاں واقعی ایک قومی مسئلہ ہے،کہ قوم کواس کے ذریعے مہذب بنایا جاسکتا ہے،لیکن کیا قوانین صرف قوم کے لیے ہی ہوتے ہیں، خود حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والوں کے لیے قانون نہیں ہوتے،اورپھرکیا وہی قانون جو حکومتیں بنائیں اور نافذ کریں کیا وہی قانون لازم ہیں یا وہ قانون بھی لازم ہیں جو ہم کو دینِ اسلام نے دئیے ہیں،اورکیا دینِ اسلام کے قوانین کم ازکم پاکستان میں تو ان کا نفاذ لازم ہونا چاہیے ہے نا،کہ پاکستان تو بنا ہی اسلام کے نفاذکے لیے تھا،لہذااسلامی قوانین کی روسے کسی حکمران یا قانون نافذ کرنے والے پریہ لازم ہے کہ وہ اسلامی احکام کے مطابق لوگوں پر اتنا بوجھ ڈالے جتناان کی استطاعت ہے، اورحکمران عوام کی فلاح وبہبودکا ذمہ دار ہے،لوگوں کے معاش اوررہائش کی ذمہ داری حکمران پرہے،ناکہ عوام کوکاروبار بنا کر ان کو کچھ اپنے احکامات کے تحت لاکر ان کی حیثیت سے بڑھ کر ان پرمالی جرمانے کرکے ان کو مہنگائی اوربے روگاری کے باوجود بہتر شہری بنانے کی دھن میں انہیں ٹکسس،مہنگائی اور جرمانوں کی مدمیں لوٹا جائے،کہ ملک کے حالات بہتر کرنے ہیں،اورروزکہا جائے کہ بس کچھ ہی وقت ہے ملک مشکلات سے نکل جائے گا عوام کو یہ کڑوی گولی کھانا ہی پڑے گی،جبکہ خود سرکاری ادارے اورحکمران اپنی تنخواہوں اور مراعات میں روزبروز اضافے کرتے رہیں،کیا وہ ملک کے مشکل حالات کے لیے اپنی مراعات ہی چھوڑنے کی کڑوی گولی کیوں نہیں کھاتے؟یہی وجہ ہے کہ پاکستان جس دن سے بنا ہے،وہ استحکام کے بجائے انحطاط ہی کی طرف بڑھتا رہا ہے،اس پر سے مشکل وقت کبھی بھی ختم نہیں ہوا،لہذاحکمرانوں سے اپیل ہے کہ عوام کے مسائل سے آگاہی بیوروکریسی کی خبروں سے نہیں ہوتی بلکہ خود جاننے اور سمجھنے سے ہوتی ہے،جس طرح ہماری معیشت کا دارومدار آئی ایم ایف کے جائزوں پرہے،ایسے ہی ہماری دانش و بینش بھی عالمی استعماری شعور پرہے،اورجب تک ہم اس شعور سے باہرنہیں نکلیں گے، ہم قومی اور ملکی مسائل سے آگاہ نہیں ہو سکیں گے،اورجب اللہ کی مخلوق اورپھر انسان کوہم اللہ کے احکام کے مطابق سمجھنے اورسنبھالنے کی کوشش نہیں کریں گے توہماری وہ ساری کوششیں جو ہم اپنے بنائے ہوے قوانین کو اخلاص سے نافذ کرنے میں لگاتے ہیں اللہ کے ہاں ان کا کوئی صلہ نہیں ہوگا،اوروہ اللہ کسی کی تدبیر کا محتاج نہیں،لیکن اللہ کسی کی فریادکو رد نہیں کرتا،لہذامیرے حکمران اس سے پہلے کہ وہ کسی ایک نہیں لاکھوں لوگوں کی فریادوں کی زد میں آئیں اس سے پہلے مخلوق کو اللہ کی عیال سمجھ کر ان سے انسانی حیثیت کے مطابق اوراپنی کارکردگی کے مطابق ہی قانونی جبر کریں،جب آپ کے قوانین اتنے مقدس ہیں کہ جوان کو مجبوری میں فالونہ کرسکے اسے جرمانے اورسزائیں ہوں تو اللہ کے قوانین جوآپ کی استطاعت سے بڑھ کرنہیں ان پرعمل نہ کرنے سے کیا اللہ تمہیں اس کی سزانہیں دے سکتا؟کسی نے کہا ہے،”خدارحم کرتا نہیں اس بشرپر، نہ ہودردکی چوٹ جس کے جگرپر، کسی کے گرآفت گزرجائے سرپر،پڑے غم کاسائیہ نہ اس بے اثرپر، کرومہربانی تم اہلِ زمیں پرخدا مہربان ہوگا عرشِ بریں پر،“لہذاللہ کی مخلوق پررحم کروکہ وہ بھی تم پررحم کرے،ورنہ ساغرصدیقی نے کہا تھا،”اے پاسبانِ گلشن تجھ کو خبرنہیں ہے،کہ شعلے بھڑک رہے ہیں پھولوں کی انجمن میں“اس سے پہلے کہ شعلے سب خس وخاشاک کو جلا ڈالیں،اللہ کی طرف لوٹو،اللہ تعالیٰ پاکستان اوراس کی عوام کو اپنے حفظ وامان میں رکھے آمین،وما علی الاالبلاغ۔
حکیم قاری محمدعبدالرحیم
اے پاسبانِ گلشن تجھ کو خبرنہیں ہے
