قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سینٹ میں بحیثیت قائد حزب اختلاف انتخاب

جیکب آباد (اے جی بلوچ سے)قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سینٹ میں بحیثیت قائد حزب اختلاف انتخاب پوری قوم کے لئے خوشخبری ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وطن عزیز پاکستان کے مظلوموں کی توانا آواز ہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی

سید علی رضا شاہ کی برسی کی مناسبت سے درگاہ کمال شاہ پر سالانہ مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔ مجلسِ عزا سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ سیف علی ڈومکی اور مولانا ارشاد علی سولنگی نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آلِ رسولؐ نے ہر دور میں دینِ اسلام کی بقا اور سربلندی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم شعبان المعظم نواسیٔ رسولؐ حضرت سیدہ زینبِ کبریٰ سلام اللہ علیہا کا یومِ ولادتِ باسعادت ہے۔ سیدہ زینبؑ وہ عظیم خاتون ہیں جن کی عظمت و کردار کائنات میں بے مثال ہے۔ دینِ خدا کی بقا کے لیے آپؑ نے بے شمار امتحانات اور مصائب برداشت کیے، اسی وجہ سے آپؑ کو اُمُّ المصائب کا لقب ملا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت سیدہ زینبِ کبریٰ سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت کو دنیا بھر میں ایک مثالی بہن کے طور پر منایا جاتا ہے، اسی نسبت سے اسے سسٹرز ڈے (بہنوں کا عالمی دن) بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ سیدہ زینبؑ پوری دنیا کی بہنوں کے لیے ایک مثالی نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زینبؑ کا نام خود سیدالانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے رکھا اور فرمایا کہ زینب، اپنے بابا امیرالمؤمنین علیؑ کے لیے زینت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت سیدہ زینبِ کبریٰ سلام اللہ علیہا کا روضۂ اطہر دمشق آج بھی اہلِ حق کے لیے عشقِ خدا، جہاد فی سبیل اللہ اور ظلم و جبر کے خلاف استقامت کا مرکز ہے۔ شام کی جولانی حکومت سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک کے احترام کرتے عاشقان اھل بیت کے لئے زیارت شام میں رکاوٹیں ڈالنے سے اجتناب کرے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سینٹ میں بحیثیت قائد حزب اختلاف انتخاب خوش آیند ہے۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وطن عزیز پاکستان کے مظلوموں کی توانا آواز ہیں۔ قائد وحدت و دیگر قائدین کی اپیل اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے تحت پاکستان کے عوام 8 فروری کو ملک گیر یومِ احتجاج مناتے ہوئے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے فیصلے کو ایک بار پھر مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈال کر عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے، اور پاکستان کے باشعور عوام اس مینڈیٹ چور نظام کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *