خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب کا میو ہسپتال کا دورہ، بحالی منصوبے کا جائزہ
لاہور ( محمد منصور ممتاز سے )
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ایشیا کے سب سے بڑے اور تاریخی میو ہسپتال کی بحالی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران میو ہسپتال کی تاریخی عمارتوں کو ان کے اصل فنِ تعمیر کے مطابق بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ہسپتال کے مشہور “کلاک وارڈ” کو بھی اس کی قدیم شکل میں دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بحالی منصوبے کے مختلف مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو بحالی کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرے اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ دورے کے موقع پر سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز اور ایم ایس میو ہسپتال نے بھی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔