بھارت کے مظالم ناقابلِ برداشت، کشمیر کی آزادی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ؛ ختمِ نبوت جرنلسٹس فورم پاکستان

بھارت دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ؛ ڈاکٹر حسن رانا

لاہور (محمد منصور ممتاز سے)

ختمِ نبوت جرنلسٹس فورم پاکستان کے بانی و صدر ڈاکٹر حسن رانا، نائب صدر احمد صابر چغتائی، جنرل سیکرٹری محمد منصور ممتاز اور چیف لیگل ایڈوائزر حافظ مصعب رسول ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک مشترکہ بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری بدترین مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر حسن رانا نے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک تسلیم شدہ عالمی تنازع ہے جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، مگر بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے۔
نائب صدر احمد صابر چغتائی نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر پوری پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان شاء اللہ آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔ انہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔
جنرل سیکرٹری محمد منصور ممتاز نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں گھروں کی مسماری، نوجوانوں کی جبری گرفتاریاں اور ماورائے عدالت قتل کے ذریعے ظلم کی تمام حدیں پار کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور آزادی کشمیر کی تحریک کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
چیف لیگل ایڈوائزر حافظ مصعب رسول ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہا کہ بھارت کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی عدالتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف دلائیں۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ختمِ نبوت جرنلسٹس فورم پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی آواز بن کر ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گا اور آزادی کشمیر تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ
اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو جلد آزادی نصیب فرمائے، ان کی قربانیوں کو قبول کرے اور پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔
انہوں نے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہو کر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی اور دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *