پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ، کسی کو بھی سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیا جائے گا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 27 فروری2026ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے،پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور کسی کو بھی سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔سی ایم ہائوس سے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرحدی اضلاع میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر عوامی خدشات سے بخوبی آگاہ ہیں اور سرحدی علاقوں کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔محمد سہیل آفریدی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *