ڈیرہ غازی خان چوھدری احمد )
غریب کی روٹی پر ڈاکہ؛ انتظامیہ کی خاموشی نے ملی بھگت کے شکوک و شبہات پیدا کر دیے
ڈیرہ غازی خان کے فوڈ سنٹر سے انسانی صحت کے ساتھ سنگین کھلواڑ اور کروڑوں روپے کی کرپشن کے ہوش ربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوڈ سنٹر میں موجود گندم کے سرکاری سٹاک میں بڑے پیمانے پر مٹی اور ریت مکس کی جا رہی ہے تاکہ وزن پورا کر کے سرکاری خزانے کو لاکھوں، کروڑوں روپے کا چونا لگایا جا سکے۔
علاقہ مکینوں اور باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے، بلکہ اس سے قبل بھی اسی طرح مٹی ملی اور بدبودار گندم فلور ملز کو سپلائی کی جاتی رہی ہے۔ موجودہ سٹاک سے اٹھنے والی شدید بدبو نے گندم کے معیار اور اس کی حفاظت پر مامور عملے کی کارکردگی پر بڑے سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔
یہ گندم ضلع بھر کی آٹا ملز اور دیگر مقامات پر سپلائی کی جا رہی ہے، جس کا مطلب ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے عوام کو زہریلا اور غیر معیاری آٹا کھلایا جا رہا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والی اس کرپشن اور ملاوٹ پر مقامی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ افسران نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر فوڈ سنٹر پر چھاپہ مارا جائے اور اس بدبو دار و ملاوٹ شدہ گندم کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ غریب عوام کی صحت اور قومی خزانے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔