دبئی (اے بی این نیوز) برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر دبئی میں موجود برطانوی شہریوں کو نکالنے کے لیے آئندہ ہفتے خصوصی چارٹر فلائٹ چلائی جائے گی۔
حکام کے مطابق پرواز دبئی سے روانہ ہوگی تاکہ خطہ چھوڑنے کے خواہشمند برطانوی شہریوں کو بحفاظت واپس لایا جاسکے۔
برطانوی حکام کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط سے دو پروازیں پہلے ہی روانہ ہو چکی ہیں جبکہ دوسری پرواز اتوار کو روانہ ہونے والی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری کشیدگی کے دوران ہفتے کے روز فضائی دفاعی آپریشن کے نتیجے میں ملبہ گرنے سے ایک شہری ہلاک ہوگیا جب کہ متحدہ عرب امارات کے قریب ڈرون حملے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک پر اس وقت تک حملہ نہیں کرے گا جب تک اس پر پہلے حملہ نہیں کیا جاتا۔