دمشق (اوصاف نیوز) شام میں امریکی کارروائی میں داعش کے 5 جنگجو ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شام کے ایک مانیٹرنگ گروپ نے اطلاع دی ہے کہ جمعہ کو امریکا کی طرف سے اسلامک اسٹیٹ گروپ کے اہداف کے خلاف جوابی حملوں میں کم از کم پانچ افراد مارے گئے۔
شامی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں شام کے ریگستانوں میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ زیادہ تر اہداف پہاڑی علاقوں میں ہیں۔
امریکی فوج نے یہ نہیں بتایا کہ جمعے کے حملوں میں کتنے لوگ مارے گئے، تاہم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس، جو کہ برطانیہ میں قائم جنگ کی نگرانی کرنے والی ایک تنظیم ہے، نے اطلاع دی ہے کہ حملوں میں داعش کے ایک سیل کے رہنما اور ارکان مارے گئے ہیں۔
امریکی سنٹرل کمانڈ نے ایکس پر پوسٹ میں اس آپریشن کو ’’بڑے پیمانے کا حملہ‘‘ قرار دیا، اور صرف اتنا بتایا کہ اس نے داعش کے بنیادی انفرااسٹرکچر اور ہتھیاروں کے مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے 100 سے زیادہ درست میزائل حملے کیے۔
دوسری طرف سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے رپورٹ میں کہا کہ اُردن نے بھی اس حملے میں شامل ہونے کی تصدیق کی ہے، امریکی فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی زمینی افواج نے شامی صوبے قنیطرا کے علاقے میں چیک پوائنٹس بھی بنا لیے ہیں۔ جب کہ شام نے اسرائیلی کارروائیوں کو شام کی داخلی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق شام میں داعش کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والے وسیع حملوں کے بعد اردنی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے جنوبی شامی علاقوں میں دہشت گرد تنظیم کے اہداف کے خلاف امریکی حملوں میں شرکت کی ہے۔