جھنگ ( قمر زمان نقوی ) جھنگ پولیس کی چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کارروائی، ماہ اکتوبر اور نومبر میں 17 کریمنل گینگز کے 39 ارکان گرفتار، 2 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد مالِ مسروقہ برآمد،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جھنگ پولیس نے چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور اور موثر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 سرگرم کریمنل گینگز کے 39 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے بتایا کہ گرفتار گینگز کا تعلق جھنگ کے علاوہ چنیوٹ، سرگودھا اور کمالیہ سے بھی ہے جبکہ یہ گروہ مویشی چوری، موٹر سائیکل چوری اور مختلف نوعیت کی ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں فعال تھے۔انہوں نے کہا کہ جھنگ پولیس نے تمام متحرک گینگز کو ان کے سرغنوں سمیت گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں نقدی، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، طلائی زیورات، مال مویشی اور موٹر انورٹرز شامل ہیں۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے برآمد شدہ سامان شہریوں کے حوالے کیا، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ کریمنل گینگسٹرز کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جھنگ پولیس ہر وقت متحرک اور چوکس ہے۔ شہریوں نے ریکارڈ برآمدگیوں اور مؤثر کارروائیوں پر جھنگ پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے بھرپور اظہار تشکر کیا۔
جھنگ پولیس کی چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کارروائی