کراچی: ملک میں چھوٹے تربیتی طیاروں اور ایئر ایمبولینسز کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت میں 85 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔
ایئر کرافٹ اونرز ایسوسی ایشن کے بانی عمران اسلم خان کے مطابق چھوٹے تربیتی طیاروں کے ایندھن کی قیمت اضافے کے بعد 670 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے تربیتی پائلٹس کے اخراجات میں 10 لاکھ روپے تک کا اضافہ ہو گا۔
عمران اسلم نے کہا کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے فلائنگ سکولوں کا کاروبار ٹھپ ہو جائے گا، ایئر ایمبولینس سروسز کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو جائے گا، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ طیاروں کے لیے فیول کی فراہمی کو لازمی قرار دے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ اسرائیل جنگ نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کی جنرل ایوی ایشن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایندھن کی سپلائی بند ہونے کی صورت میں اگلے چند دنوں میں ایئر ایمبولینس سروسز اور فلائنگ سکول ایئر کرافٹ کی پروازیں معطل ہو جائیں گی۔
عمران اسلم کے مطابق کسی بھی انسانی جان کو بچانے کے لیے ایئر ایمبولینس سروس فوری آمدورفت کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ اتھارٹی ایئر ایمبولینس اور جنرل ایوی ایشن کی بہتری میں معاونت کر رہے ہیں۔