)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ضلع جیکب آباد میں بھی یومِ احتجاج منایا گیا۔

جیکب آباد (رپورٹ : اے جی بلوچ )چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ضلع جیکب آباد میں بھی یومِ احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد، وحدت یوتھ ونگ، مجلس علمائے مکتب اہل بیت عزاداری ونگ خواتین ونگ اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

احتجاجی ریلی مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب جیکب آباد پہنچی، جہاں شرکاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ اور کراچی اسلام آباد اور جی بی میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کے واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پرمریکی و اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف نعرے درج تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت و صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے سامنے پرامن مظاہرین پر گولیاں چلانا ایک انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے اور پرامن شہریوں پر فائرنگ کر کے انہیں شہید کرنا انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور شہداء کے خون کا حساب لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور مظلوموں کی آواز ہر فورم پر بلند کی جائے گی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملتِ پاکستان اور محبانِ اہل بیتؑ ایران کے ساتھ ہیں اسلام کے ساتھ ہیں۔ ہم ہمیشہ ظلم اور جبر کے خلاف آواز بلند کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ سیف علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملہ ظلم کی بدترین مثال ہے اور ہم
امریکی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ضلع صدر نظیر حسین جعفری نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر امریکی سفیر کو نکالے۔

بزرگ شیعہ رہنما سید مظہر علی شاہ نقوی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم زیادہ دیر قائم نہیں رہتا اور مظلوموں کی قربانیاں بالآخر حق و انصاف کی فتح کا سبب بنتی ہیں۔ جلد فلسطین آزاد ہو گا۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع جیکب آباد کے صدر برادر اظہار الحسن نے کہا کہ نوجوان نسل ظلم و جبر کے خلاف بیدار ہے اور وہ ایران اور فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔

مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر اللہ بخش میرالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اسرائیل کو شہداء کے خون کا حساب دینا ہوگا۔

مظاہرے سے استاد خادم حسین برڑو اور نثار احمد ابڑو نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے رہبر مسلمین جہان سید علی حسینی خامنہ ای سے تجدید عہد کیا۔ شہداء اسلام کے درجات کی بلندی اور لشکر اسلام کی کامیابی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ظلم کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *