سردار فتح محمد خان بزدار انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں سکیورٹی گارڈز کی تنخواہیں بند، پانچ ماہ سے ادائیگی نہ ہونے پر شدید پریشانی

ڈیرہ غازی خان (چوہدری احمد سے)
ڈیرہ غازی خان کے سردار فتح محمد خان بزدار انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں سکیورٹی گارڈز کے ساتھ مبینہ طور پر شدید ناانصافی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں غریب گارڈز کی گزشتہ پانچ ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث ان کے گھروں میں مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور کئی خاندان فاقوں تک پہنچ چکے ہیں۔
متاثرہ سکیورٹی گارڈز کے مطابق دو ماہ کی تنخواہیں عسکری کمپنی، ایک ماہ کی تنخواہ پیسیفک کمپنی جبکہ دو ماہ کی تنخواہ موجودہ کمپنی یک جان کی طرف سے روکی ہوئی ہیں۔ گارڈز کا کہنا ہے کہ بار بار درخواستوں اور شکایات کے باوجود اب تک مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔
گارڈز نے الزام عائد کیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ میں موجود ایم ایس ڈاکٹر رمضان سمرا اور اے ایم ایس ڈاکٹر ارسلان (جو سکیورٹی فوکل پرسن بھی ہیں) اس اہم معاملے میں خاموش دکھائی دیتے ہیں، جس سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ گارڈز کے مطابق انتظامی نااہلی اور بدانتظامی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان، سیکرٹری پنجاب اور حکومت پنجاب کی جانب سے بھی اب تک اس معاملے کا کوئی مؤثر نوٹس نہیں لیا گیا۔ خصوصاً رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں غریب مزدوروں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
سکیورٹی گارڈز اور مقامی شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور غریب گارڈز کی رکی ہوئی تنخواہیں ادا کروا کر انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے عوام اور سماجی حلقوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ان مظلوم مزدوروں کے حق میں آواز بلند کریں تاکہ انہیں ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے، کیونکہ خاموشی ظلم کو مضبوط کرتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *