لاہور: بین الاقوامی سطح پر برینٹ خام تیل کی قیمت 44 سینٹس کمی کے بعد 94.49 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال میں بہتری کی توقعات پیدا ہوگئی ہیں جس کے اثرات تیل کی عالمی منڈی پر بھی نظر آرہے ہیں۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے امکان سے سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں نرمی آئی ہے۔
دوسری جانب امریکن ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی کمی کے بعد 90.59 ڈالر فی بیرل پر دیکھی گئی۔
عالمی منڈی میں قیمتوں میں اس کمی کو توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کو ایک اہم بینچ مارک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جس کے مطابق یورپ، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں تیل کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خطے میں سفارتی کوششیں اسی طرح جاری رہیں تو آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید استحکام یا کمی ممکن ہے۔ تاہم، عالمی طلب اور رسد کے عوامل بھی اس پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔