امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی کی شاہ ایران کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات

(اوصا ف نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے حالیہ دنوں میں شاہ ایران کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات کی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس ملاقات میں ایران میں جاری مظاہروں اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات ایران میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد ایرانی حکومت مخالف شخصیات اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان ہونے والی پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات تھی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق، اس ملاقات میں مختلف سیاسی اور سماجی حالات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

دوسری جانب، ایران کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ دو ہفتوں سے جاری پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ اب رک چکا ہے اور حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران پیدا ہونے والی بے چینی میں کمی آئی ہے۔

اس ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر ایران مظاہرین کو پھانسی دیتا ہے تو امریکہ اس کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ ٹرمپ نے اپنی بیان میں کہا کہ ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں اور وہاں ہونے والے قتل عام کی اطلاعات انہیں موصول ہو چکی ہیں۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران میں ہلاکتوں کی صحیح تعداد جلد ہی سامنے آ جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *