نیو ایئر نائٹ اور برفباری کے دوران مثالی ڈیوٹی پر پولیس افسر کی خدمات کو سراہا گیا
مری (راشد محمود ستی) ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے نیو ایئر نائٹ اور شدید برفباری کے دوران شاندار ڈیوٹی سرانجام دینے پر تھانہ مری سٹی کے ایس ایچ او محمد اویس اکرم کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نواز دیا۔
ڈی پی او مری نے کہا کہ سخت موسمی حالات، سیاحوں کے غیر معمولی رش اور امن و امان کی نازک صورتحال میں ایس ایچ او محمد اویس اکرم نے پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو بخوبی کنٹرول میں رکھا۔انہوں نے ایس ایچ او مری کی کارکردگی کو مری پولیس کے لیے قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران محکمہ پولیس کا سرمایہ ہیں جو ہر مشکل وقت میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔اس موقع پر ایس ایچ او محمد اویس اکرم نے کہا کہ وہ ڈی پی او مری کی قیادت میں مری میں جرائم کی روک تھام، امن و امان کے قیام اور عوام کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مری پولیس کا ہر اہلکار اپنے فرائض جذبہ خدمت اور ایمانداری سے انجام دے رہا ہے۔