اصلاح معاشرہ کیلئے سیرت النبی ؐ کاپیغام عام کرناہوگا:ڈاکٹرراغب حسین نعیمی
لاہور ( محمد منصور ممتاز سے )
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اصلاح معاشرہ کیلئے سیرت النبی ؐ کاپیغام عام کرناہوگا۔سیرت النبی ﷺ کی پیروی سے ہی فرد اور معاشرہ دونوں کی اصلاح ممکن ہے۔نبی اکرم ﷺ نے ہمیشہ انسانیت کے حقوق کا خیال رکھا، مظلوموں کی مدد کی اور امن کی اہمیت پر زور دیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدانسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنسزکے زیراہتمام درس حدیث کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں معروف سیرت نگارڈاکٹرطارق شریف زادہ،مفتی سخاوت منیر،مفتی بلال فاروق نعیمی،مفتی محمود انور،مولاناعامر سلمان،مولانامسعود احمد سیالو ی، قاری ذوالفقارنعیمی،مولانا محمدسلیم نعیمی،مولانا محمدعلی بٹ،مفتی شہزاد احمدنعیمی سمیت ادارے کے اساتذہ وطلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے طلبہ کو درس حدیث دیتے ہوئے معاشرتی رسومات اوراسلام کی حقیقی تعلیمات پرروشنی ڈالی۔انہوں نے کہامزیدکہ صدقہ اسلام کا ایک نمایاں اقتصادی اور اخلاقی تصور ہے۔ یہ صرف مالی امداد نہیں، بلکہ ایک روحانی تزکیہ کا ذریعہ بھی ہے۔ صدقہ صرف مال دینا ہی نہیں بلکہ مسکرا کر بات کرنا، راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا اور کسی کو اچھا مشورہ دینا بھی صدقہ ہے۔ اسلام نے صدقہ کو غربت کے خاتمے، دلوں کی نرمی اور معاشرتی عدل کے قیام کا ذریعہ قرار دیا ہے۔مسلمان رسومات کے بجائے نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔سیرت النبیؐ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسانیت کی فلاح کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔