ٹھٹھہ: گھریلو ناراضگی پر 17 سالہ نوجوان نے خودکشی کر لی

ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپوٹر ایم اعجازچانڈیو مھرانوی سے
ٹھٹھہ کے نواحی علاقے چھتوچنڈ کے قریب 22 آر ڈی موری کے مقام پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گاؤں علی گوہر بروہی کے رہائشی 17 سالہ نوجوان ارشاد علی ولد عبدالرزاق بروہی نے مبینہ طور پر درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی۔
ذرائع کے مطابق نوجوان گھر میں کسی بات پر ناراض ہو کر نکلا تھا، جس کے کچھ دیر بعد اس کی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی جبکہ پولیس بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
پولیس نے نوجوان کی لاش اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کر دی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔
اہل خانہ کے مطابق ارشاد علی گھر کے حالات سے دلبرداشتہ تھا، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ خودکشی کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور اہل علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے نوجوانوں کی ذہنی رہنمائی اور معاونت کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *