مہنگی بجلی سے پریشان کراچی والوں کیلئے اچھی خبر

کراچی:(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے کم آمدن علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کیلئے سبسڈی پروگرام پر کام شروع کر دیا۔

سندھ حکومت نے شہر کے پسماندہ علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت سبسڈی پروگرام متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں، اجلاس میں کمپنی کے اعلیٰ حکام اور صوبائی افسران بھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو مشترکہ طور پر پلان پر تفصیلی مطالعہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ کم آمدن والے علاقوں اور صنعتوں کے لیے بجلی سستی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق صارفین کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے موثر حکمت عملی تیار کی جائے۔

اجلاس میں گرمیوں کے آغاز کے پیش نظر لوڈ شیڈنگ میں کمی پر بھی زور دیا گیا اسی کے ساتھ وزیراعلی نے پسماندہ علاقوں میں طویل بجلی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے اور اس حوالے سے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

حکام کے مطابق سبسڈی پروگرام کے تحت ایسے اقدامات تجویز کیے جائیں گے جن سے غریب طبقے پر مالی بوجھ کم ہو اور صنعتی سرگرمیوں کو بھی سہارا ملے تاکہ شہر کی معیشت کو استحکام حاصل ہوسکے۔
 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *