واسا کی مبینہ غفلت، قصبہ یارو کھوسہ میں گندا پانی اور سیوریج تالاب کی شکل اختیار کرگیا، شہری عاجز

(ڈیرہ غازی خان بیوروچیف چوھدری احمد ڈیلی جستجو )
قصبہ یارو کھوسہ میں واسا کی مبینہ نااہلی اور عدم توجہی کے باعث گندگی، سیوریج اور بارش کا پانی کئی مقامات پر تالاب کی شکل اختیار کرگیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق وٹرنری ہسپتال، پی ٹی سی ایل کی کئی مرلہ اراضی، شہریوں کے پلاٹس اور دکانوں کے عقب میں عرصہ دراز سے گندا پانی جمع ہے جبکہ محکمہ لائیوسٹاک کے دفتر اور صحن میں بھی ہر وقت کئی کئی فٹ گہرا پانی کھڑا رہتا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پانی جمع ہونے کے باعث مویشی پال حضرات جانوروں کی ادویات لینے کیلئے ہسپتال تک رسائی حاصل نہیں کرپاتے جبکہ ڈاکٹرز اور عملہ بھی دفاتر کے اندر جانے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ مسلسل کھڑے پانی کی وجہ سے قیمتی سرکاری و نجی عمارات تباہی کا شکار ہورہی ہیں جبکہ مچھروں کی بہتات سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

عبدالسبحان ۔ صدیق بلوچ ،شہری غلام یاسین چانڈیہ، سلیمان چانڈیہ، غوث بخش جیانی، اللہ ڈتہ عیسانی، عزیز دکاندار، ، اسماعیل عمرانی،راجو،،فقیروخان عمرانی، سلطان، صادق بھٹی، ڈاکٹر نصراللہ، ڈاکٹر باقر ودیگر نے اور محکمہ شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واسا کی جانب سے پانی کے نکاس کیلئے تاحال کوئی مؤثر بندوبست نہیں کیا گیا۔ صورتحال اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ سڑک تک پانی جمع رہتا ہے جس سے شہریوں، مریضوں اور سکول جانے والے بچوں کا گزرنا بھی بعض اوقات انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان اور واسا کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، نکاسی آب کا ہنگامی انتظام کرنے اور متاثرہ علاقوں کو گندے پانی سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری مزید مشکلات اور بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *