پٹرول بحران اور مہنگائی نے اخبار فروشوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا، اے پی این ایس فوری کردار ادا کرے: ٹکا خان

اخبار فروشوں کے کمیشن میں اضافہ، الیکٹرک بائکس اور ہاؤسنگ اسکیموں میں کوٹے کا مطالبہ

اخباری صنعت کو بچانے کیلئے عملی اقدامات ناگزیر، ملک بھر کے اخبار فروش رہنماؤں کا مشترکہ مؤقف

اے پی این ایس صدر سرمد علی کا چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقاتوں کا اعلان

رپورٹ : محمد منصور ممتاز سے

آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کا اہم اجلاس اخبار مارکیٹ میں منعقد ہوا جس میں اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی شاہ اور نائب صدر محسن بلال عباسی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو درپیش مسائل، بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرول بحران اور اخباری صنعت کو لاحق خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے مرکزی تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان، نامزد صدر حاجی اقبال نون، چیئرمین چوہدری عاشق علی، اخبار فروش یونین اسلام آباد کے صدر چوہدری محمد شریف، اخبار فروش یونین راولپنڈی کے صدر محمد شفیق ستی، آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن پنجاب کے صدر عقیل احمد عباسی، اخبار فروش یونین لاہور کے صدر چوہدری مشتاق علی، جنرل سیکرٹری رانا محمد یامین، سینئر نائب صدر ملک امتیاز، اسلام آباد اخبار فروش یونین کے میزبان چوہدری اکبر اور چوہدری منیر سمیت ملک بھر کے عہدے داران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی کے طوفان میں اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبار فروش اخباری صنعت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اگر یہ طبقہ کام چھوڑنے پر مجبور ہو گیا تو پوری صنعت سنگین بحران کا شکار ہو جائے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اخبار فروشوں کے کمیشن میں اضافہ کیا جائے یا حکومت سے سبسڈی دلوائی جائے تاکہ ان کی مالی مشکلات میں کمی آ سکے۔ مزید برآں اخبار فروشوں کیلئے الیکٹرک بائکس کی فراہمی، حکومتی ہاؤسنگ اسکیموں میں خصوصی کوٹہ مقرر کرنے اور موجودہ معاشی بحران میں مالی معاونت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ یہ محنت کش طبقہ اپنے روزگار کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔
اجلاس میں شریک تمام عہدے داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اخبار فروشوں کیلئے کسی نہ کسی صورت بہتر ریلیف پیکج لانے کی کوشش کی جائے گی۔ مختلف شہروں سے آئے نمائندوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے باعث اخبار فروشی کا کاروبار شدید متاثر ہو چکا ہے اور اگر بروقت بہتر منصوبہ بندی نہ کی گئی تو اخباری صنعت سے وابستہ ہزاروں خاندان شدید معاشی بحران کا شکار ہو جائیں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں جبکہ اے پی این ایس بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ اس موقع پر اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی شاہ نے اخبار فروشوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کریں گے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات اور سینیٹ میں بھی اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *