

بریکنگ نیوز۔۔۔
جیکب آباد: (نامه نگار)ٹھل کےگاؤں محمد صدیق آرائیں میں پیش آنے والے آتشزدگی اور لوٹ مار کے واقعے کے متاثرین نے انصاف کے حصول کے لیے سندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ سرکٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی۔
درخواست غلام شبیر احمد کی جانب سے آئین پاکستان کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی ہے، جس میں حکومت سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج، ایس ایس پی جیکب آباد، ایس ایچ او میرپور بُریرو اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گاؤں میں بڑے پیمانے پر گھروں کو آگ لگائی گئی، لوٹ مار کی گئی، متعدد خاندان بے گھر ہوئے جبکہ پولیس صورتحال کو کنٹرول کرنے اور متاثرین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
متاثرین نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایف آئی آر نمبر 24/2026 کی شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور متاثرین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ اس حوالے سے کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ سرکٹ میں متوقع ہے۔
