” ڈی آئی جی آپریشنز کامران فیصل کی دعوت پر صحافیوں کے وفد کا پولیس لائنز کا دورہ”۔

لاہور: ( فریدہ خانم),
ڈی آئی جی آپریشنز کامران فیصل کی خصوصی دعوت پر صحافیوں کے ایک وفد نے پولیس لائنز کا دورہ کیا۔ پولیس لائنز پہنچنے پر پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے روایتی انداز میں سلامی پیش کی، جبکہ پولیس بینڈ نے قومی نغموں کی دلکش دھنیں بجا کر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفد کو یادگارِ شہداء لے جایا گیا جہاں وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی کی گئی اور بگل بجا کر شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔
بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز کامران فیصل نے تقریباً تین گھنٹے طویل نشست میں اپنے تین سالہ دورِ تعیناتی کی کارکردگی، امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی کامیابیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران صحافیوں کی جانب سے مختلف اہم اور سخت سوالات کئے گئے جن کے جوابات ڈی آئی جی نے خندہ پیشانی اور تفصیل سے دیئے۔ اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے نشاندہی کی گئی بعض خامیوں اور کوتاہیوں کو بھی فراخ دلی سے تسلیم کرتے ہوئے ان کے ازالے کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ معلوماتی نشست کے اختتام پر ڈی آئی جی کامران فیصل نے صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جہاں خوشگوار ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ضلع شیخوپورہ میں زیرِ التوا مقدمے کی تفتیش، اس کی سست روی اور متعلقہ پولیس افسران کی کارکردگی کے حوالے سے بھی ڈی آئی جی آپریشنز سے رہنمائی حاصل کی گئی۔ دورے کا اختتام گروپ فوٹو سیشن پر ہوا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اور صحافی برادری کے درمیان قائم ہونے والا مثبت رابطہ آئندہ بھی جاری رہے گا، تاکہ پولیس کی کارکردگی اور عوامی آراء مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائی جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *