
مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہرے تحفظات کا اظہار
لاہور: یکجہتی کشمیر کے دن کے موقع پر ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان (ایچ آر سی پی) لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب میں مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی جانب سے ان پر ڈھائے جا رہے مظالم کی شدید مذمت کرنے کے لیے ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ تقریب میں HRCP کے چیئرمین جمشید حسین، صدر لاہور ڈویژن رانا علی زوہیب، بانی و صدر مشعل چوہدری محمد علی، صدر جڑواں شہر مراد علی، جوائنٹ سیکرٹری سعدیہ مرزا، جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن سعدیہ خالد، چیئرمین عوامی یوتھ موومنٹ چوہدری علی رضا نت، صدر اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان حافظ سلمان اعظم، حاشر منہاس، سینئر صحافی عظیم بٹ، سوشل ایکٹیویسٹ رائقہ بتول، نیشنل یوتھ الائینس کے عہدے داران، ایل ڈی اے ورکرز یونین کے صدر چوہدری محمد کاشف، سیاسی رہنما رانا کاشف مجید خاں، کالم نگار مرزا رضوان، ڈاکٹر شہریار عباسی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صدر لاہور ڈویژن رانا علی زوہیب نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دینا ہے۔ بھارت کو کشمیر میں فوجی طاقت کے بل بوتے پر ناحق قبضہ ختم کرنا ہوگا اور کشمیری قیادت اور عوام سے مذاکرات کرنے ہوں گے۔ پاکستان ہمیشہ سے کشمیری بھائیوں کا سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایتی رہا ہے اور آج بھی پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ چیئرمین جمشید حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر عالمی اجتماعیت کی سب سے بڑی مکفول اقوام متحدہ کی قرارداد ہے جس کے حل پر دنیا کی امن و استحکام کا انحصار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر نہ رکنے والے مظالم، ان کی اجتماعی قبریں، نوجوانوں کی شہادت، خواتین کی بے حرمتی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ تاریخ کے سیاہ ترین ابواب میں سے ہے۔ چوہدری علی رضا نت اور حافظ سلمان اعظم نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اس پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے پاکستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی فورموں پر کشمیر کے مسئلے کو موثر طریقے سے اجاگر کرے اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے