افسوسناک واقعہ، شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں

شادی کے گھر میں گیس سلنڈر دھماکہ، دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق، 9 زخمی

اسلام آباد ( راشد ستی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر G-7/2 کریسچن کالونی میں شادی کے گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ آبپارہ کی حدود میں واقع مکان نمبر 1/8-A، کچی آبادی 66 کوارٹر میں حنیف مسیح کے گھر رات تقریباً ڈھائی بجے بارات پہنچی۔ بارات کے بعد گھر کے ایک کمرے میں گیس لیکج کے باعث اچانک سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ڈبل اسٹوری مکان کی چھتیں گر گئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جبکہ قریبی تین مکانات بھی دھماکے سے متاثر ہوئے۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، آگ پر قابو پا کر ملبے سے 6 لاشیں اور 9 زخمیوں کو نکالا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی وجہ گیس لیکج قرار دی جا رہی ہے، جبکہ مزیدتحقیقات جاری ہیں۔ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور شادی کی خوشیاں المناک سانحے میں تبدیل ہو گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *