محرم الحرام کے سلسلے میں ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی کی زیر صدارت اہلِ تشیع رہنماؤں کے ساتھ اہم اجلاس

جیکب آباد: 09 جون 2026
پریس ریلیز

🚔 ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی کی زیر صدارت ایس ایس پی آفس جیکب آباد میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد، سیکیورٹی انتظامات اور باہمی ہم آہنگی کے حوالے سے اہلِ تشیع کے علماء، ذاکرین اور رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

👈 اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس، ماتمی جلوسوں، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک پلان، امن و امان کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

👈 ایس ایس پی جیکب آباد نے شرکاء سے مسائل اور تجاویز دریافت کیں، جس پر علماء اور رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

👈 ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

👈 ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اہم مقامات، قومی شاہراہوں اور بلوچستان بارڈر پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ پولیس پکٹس قائم کرکے اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے۔

👈 تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر نصب CCTV کیمروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا کر دی گئی ہے جبکہ مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں گے۔

👈 ڈرون کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی گزرگاہوں، روف ٹاپس اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

👈 انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر پولیس موبائلز اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ تمام آنے جانے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

👈 خواتین کی مجالس اور اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے لیڈیز پولیس اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں تعینات کی جائیں گی تاکہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

👈 ماتمی جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والے افراد کی مکمل چیکنگ کی جائے گی جبکہ موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں مجالس اور جلوسوں سے مناسب فاصلے پر پارک کی جائیں گی۔

👈 رضاکاروں (والنٹیئرز) کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ سیکیورٹی اور انتظامی امور میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مؤثر انداز میں تعاون کر سکیں۔

👈 تمام چھوٹے بڑے ہوٹلوں، مسافر خانوں، ریلوے اسٹیشنز اور بس اڈوں کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

👈 کسی بھی مقام پر ایسا بینر، وال چاکنگ یا مواد آویزاں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جس سے اشتعال، انتشار یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔

👈 ایس ایس پی جیکب آباد نے علماء کرام، ذاکرین، سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ یا اشتعال انگیز مواد کی تشہیر سے گریز کریں۔

👈 اجلاس میں اہلِ تشیع کے علماء کرام، ذاکرین، مختلف انجمنوں کے نمائندوں، انچارج ڈی آئی بی، چیئرمین امن کمیٹی، پی آر او، سروس شیٹ کلارک نے شرکت کی۔

*ترجمان جیکب آباد پولیس

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *