ڈیرہ غازی خان میں گرفتاری سے بچنے کیلئے ملزم کھجور کے درخت پر چڑھ گیا

منتیں ترلے کام نہ آئے تو پولیس نے درخت ہی کٹوا دیا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا


ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2026ء) صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ چھٹہ میں گرفتاری کا انوکھا اور مضحکہ خیز ڈرامہ آخر کار انجام کو پہنچ گیا، جہاں بھاری بھرکم پولیس اہلکار ملزم کا پیچھا کرتے ہوئے کھجور کے اونچے درخت پر چڑھنے میں ناکام رہے، تو پولیس نے درخت ہی کٹوادیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ میں قانون اور ملزم کے درمیان چوہے بلی قسم کا انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، پولیس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے کھجور کی چوٹی پر جا بیٹھنے والے مطلوب ملزم کو نیچے اتارنے کے لیے پورا درخت ہی کٹوا ڈالا اور ملزم کو زمین پر گرتے ہی دبوچ لیا۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے کی شروعات اس وقت ہوئی جب مقامی پولیس ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی، پولیس کو دیکھتے ہی چست اور پھرتیلے ملزم نے بغیر کچھ سوچے سمجھے سامنے موجود کھجور کے ایک انتہائی اونچے درخت کا رخ کیا اور سیکنڈوں میں اس کی چوٹی پر جا پہنچا، روایتی طور پر فٹنس کی کمی اور بھاری بھرکم پیٹ کے مالک پولیس اہلکار کھجور کے سیدھے تنے کو دیکھ کر نیچے ہی ہانپتے رہ گئے، کسی اہلکار میں اوپر چڑھنے کی ہمت نہ تھی۔

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے پہلے نرمی دکھائی اور خالص سرائیکی لہجے میں ملزم کو نیچے بلانے کے لیے منتیں ترلے شروع کردیئے، لیکن ملزم نے اوپر سے ہی صاف انکار کردیا، جب کافی دیر تک سرائیکی میں کی جانے والی منّت سماجت اور پیار کا حربہ کام نہ آیا، اور ملزم نے نیچے آنے سے صاف انکار کر دیا، تو کوٹ چھٹہ پولیس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، پولیس نے صورتحال کا غیر روایتی حل نکالتے ہوئے فوری طور پر کلہاڑا اور آری منگوانے کا حکم دیا۔

بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے ناصرف قانون کی دھاک بٹھانے بلکہ اپنی تفتیش مکمل کرنے کے لیے اس کھجور کے درخت کو ہی جڑ سے کاٹنا شروع کر دیا جس پر ملزم بیٹھا ہوا تھا، جیسے ہی کھجور کا درخت کٹ کر آہستہ آہستہ زمین بوس ہوا، اوپر بیٹھا ملزم بھی درخت کے ساتھ نیچے آ گرا، جہاں پہلے سے کھڑی پولیس پارٹی نے اسے فوری طور پر دبوچ کر ہتھکڑیاں لگا دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *