10 جولائی سے پاکستان میں مقیم ہر غیر قانونی افغان کو گرفتار کرنے کاحکم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون2026ء) 10 جولائی سے پاکستان میں مقیم ہر غیر قانونی افغان کو گرفتار کرنے کاحکم۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں سے متعلق اہم مراسلہ تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیا۔ مراسلے میں10 جولائی سے بغیر کارآمد ویزے کے پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود پاکستان میں مقیم افغان شہری بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے۔ وزارت داخلہ کے مراسلے میں متعلقہ حکام کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹ وزارتِ داخلہ کو بھجوائی جائے۔ یومیہ بنیاد پر دی جانے والی رپورٹ میں بغیر ویزا ملنے والے افغان شہریوں کی تعداد، کارروائی اور موجودہ حیثیت شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار اور اس پر فوری اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *