سید نجمی عالم، احمد علی صدیقی، انجینئر اسداللہ خان، مرزا محمد نیئر سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت
کراچی(نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی انجینئرز و آفیسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایسوسی ایشن کے صدر ندیم احمد کرمانی کی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ان کے اعزاز میں پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کچی آبادی سید نجمی عالم، واٹر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان، چیف ہیومن ریسورسز آفیسر مرزا محمد نیئر سمیت سینئر افسران، انجینئرز و آفیسرز ایسوسی ایشن اور متحدہ ورکرز فرنٹ سی بی اے کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ندیم احمد کرمانی کی واٹر کارپوریشن کے لیے طویل اور قابل قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ندیم احمد کرمانی نے دوران ملازمت اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن، دیانت داری اور پیشہ ورانہ وابستگی کے ساتھ انجام دیں اور انجینئرز و افسران کے جائز مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ ندیم احمد کرمانی کا وسیع پیشہ ورانہ تجربہ اور واٹر کارپوریشن کے امور سے گہری واقفیت ادارے کے لیے قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے ان کی خدمات اور ساتھیوں کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ پیشہ ورانہ زندگی کے ایک مرحلے کا اختتام ہے، تاہم برسوں کی محنت، تجربہ اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔ اس موقع پر انجینئرز و آفیسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ندیم احمد کرمانی کو خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے جبکہ شرکاء نے ان کی صحت، خوشی اور ریٹائرمنٹ کے بعد پُرسکون زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ندیم احمد کرمانی نے عشائیے کے انعقاد پر انجینئرز و آفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ، افسران، سی بی اے اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوران ملازمت ساتھیوں کی جانب سے ملنے والا تعاون اور حوصلہ افزائی ان کے لیے ہمیشہ باعث تقویت رہی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن میں گزارا گیا عرصہ ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے اور وہ اپنے ساتھیوں کی محبت، خلوص، تعاون اور رفاقت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کے عہدیداران محمد ثاقب، آفتاب عالم چانڈیو، عبدالجبار شیخ، سید محمد اعجاز، عبدالرشید شیخ، منیب احمد راؤ اور عبدالواحد شیخ سمیت دیگر افسران اور ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
