واٹر کارپوریشن حکام کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد، اقلیتی ملازمین کی خدمات کو سراہا

کراچی(نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری، بالخصوص ادارے میں خدمات انجام دینے والے ہندو افسران اور ملازمین کو دیوالی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے مشترکہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنی، اُمید اور خوشیوں کا تہوار ہے جو نیکی کی بدی اور روشنی کی تاریکی پر فتح کی علامت ہے۔ پاکستان کا مذہبی و ثقافتی تنوع ہماری قومی طاقت ہے جبکہ باہمی احترام، رواداری اور بھائی چارہ قومی یکجہتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں ہندو برادری سمیت دیگر اقلیتوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ واٹر کارپوریشن اپنے اقلیتی افسران اور ملازمین کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ادارے میں تمام ملازمین کے لیے باہمی احترام، تعاون اور مساوی مواقع پر مبنی ماحول کو اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ دیوالی ملک کے لیے امن، محبت اور خوشحالی کا پیغام لائے اور عوام کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی مزید مستحکم ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *