چکن، سبزیوں، دالوں اورپھلوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں، وزیراعلی پنجاب نے 11 ارب روپے کا طیارہ خرید لیا لیکن عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جماعت اسلامی لاہور
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 24 فروری 2026ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ریکارڈ قرضوں کے باوجود حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور رمضان المبارک میں مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ چکن، سبزیوں، دالوں، آلو اور پھلوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ سرکاری دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔اربوں ڈالر کے قرضے امریکی اور عالمی مالیاتی اداروں سے حاصل کرنے کے باوجود ملک میں معاشی حالات بہتر نہ ہو سکے۔ وزیر اعلی پنجاب نے 11 ارب روپے کا طیارہ خرید لیا، تاہم عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کی جا سکیں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، آلو اور دیگر سبزیاں مہنگی جبکہ پھل عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔گذشتہ 10 سالوں میں ماہرین کے مطابق غربت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور متوسط طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے رمضان پیکیج کو ناکافی اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اعلانات عملی اقدامات میں تبدیل ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔رمضان ریلیف بازاروں میں عدم دستیابی اور مقررہ نرخوں پر اشیاء نہ ملنا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ رمضان المبارک کے دوران خصوصی اور مؤثر پرائس کنٹرول میکانزم نافذ کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محض بیانات اور نمائشی اقدامات کے بجائے سنجیدہ، مربوط اور فوری پالیسی اقدامات کیے جائیں۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی مہنگائی اور عوامی استحصال کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔دوسری جانب رمضان المبارک میں اشیائے صرف کے نرخ میں 50 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں پھل، سبزی، آٹا، چکن اوردیگر اشیاء خوردونوش کے نرخ کا باری باری جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیائے خوردونوش کے نرخ میں کمی پر پوری ٹیم کو شاباش دی اور عوام سے اپیل کی کہ جس شاپ پر ریٹ لسٹ نہ ہو،وہاں خریداری نہ کریں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے کی سپلائی مزید بڑھانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو رمضان نگہبان بازاروں، دسترخوان، اوپن مارکیٹ اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیاز کا نرخ 2022ء کے بعد کم ترین کی سطح پر آگیا، ادرک، لہسن، لیموں اور دیگر کے نرخ میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ سال کی نسبت تمام اشیائے خوردونوش کے نرخ میں کمی کا واضح رجحان جاری ہے۔ 49 رمضان نگہبان بازار وں میں پانچ روز میں سوا 35لاکھ سے زائد افراد خریداری کیلئے آئے۔رمضان نگہبان بازاروں میں 21لاکھ ٹن اشیائے خوردونوش کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ 5 روز میں عوام کو رمضان نگہبان بازاروں میں تقریباً 3کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔
رمضان المبارک میں مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی