جعلی اہلکار بن کر دکانداروں سے بھتہ وصولی کا انکشاف،پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ

راولپنڈی اڈیالہ روڈ کے علاقے گارڈن ولاز میں جعلی اہلکار بن کر دکانداروں سے بھاری رقوم بٹورنے کا سنگین واقعہ سامنے آ گیا۔ متاثرہ دکاندار محمد مدثر رحیم نے چوکی اڈیالہ، تھانہ صدر بیرونی میں تحریری درخواست جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 15 دسمبر 2025 کو دن دو بجے چار نامعلوم افراد ان کی دکان پر آئے، ریٹ چیک کرنے کے بہانے خود کو پیرا فورس کا اہلکار ظاہر کیا اور دکان کو سیل کرنے اور چالان کرنے کی دھمکیاں دیں۔ درخواست کے مطابق دباؤ ڈال کر مذکورہ افراد نے دکان سے 25 ہزار روپے نقدی زبردستی وصول کر لی، جو ایک دن کی مکمل سیل تھی۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ افراد پیرا فورس نہیں بلکہ سول ڈیفنس کے اہلکار تھے۔ متاثرہ شہری نے مزید بتایا کہ یہی گروہ 12 دسمبر 2025 کو شاہزیب خٹک اور سادات خٹک کریانہ اسٹور سے بھی 15 ہزار روپے نقد وصول کر چکا ہے اور سادہ کیش رسید دے کر رفو چکر ہو گیا۔ درخواست میں ایک ملزم کی شناخت محمد اسماعیل خان ولد صفدر خان کے نام سے کی گئی ہے، جس کا موبائل نمبر بھی پولیس کو فراہم کیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے کاروباری طبقے میں شدید خوف و ہراس پھیل رہا ہے جبکہ جعلی یا اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکار قانون کی رِٹ کو چیلنج کر رہے ہیں۔ متاثرہ دکانداروں اور علاقہ مکینوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *