کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے تمام عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اس وقت مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہے، حیدرآباد، ٹھٹھہ،سجاول، بدین، مٹیاری میں بھی درمیانی سے تیز بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ کے چند مقامات میں ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارش کے دوران چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے، جمعہ کو کراچی میں موسم زیادہ تر صاف اور دھوپ نکلی رہے گی۔ تاہم ہفتہ کو شہر میں دوبارہ بادل اور مضافاتی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بتایا کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے شہر بھر میں انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ اور بارشوں سے نمٹنے آور امدادی کاموں کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمیشنر فیلڈ میں موجود ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی سمیت پورے صوبے میں ہاٸی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے تمام عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے سرگرم ہے۔ عوام گھروں میں رہے اور بجلی تنصیبات کو ہاتھ لگانے میں احتیاط کریں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والی موسلادھار بارش نے ایک بار پھر شہر کے کمزور انفرا اسٹرکچر کی قلعی کھول دی۔ بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں خالی پلاٹ کی دیوار گر گئی، جس کے باعث 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں منشیات کے عادی افراد اور راہگیر شامل ہیں۔ جبکہ شہر بھر میں بارش کے دوران مختلف حادثات سے ٹوٹل 18 افراد جاں بحق ہوئے۔