تنظیمی ڈھانچے کا اعلان، کارکنوں میں جوش و خروش ثاقب عباسی اور پلوشہ عباسی کو اہم ذمہ داریاں مل گئیں
کوٹلی ستیاں (راشد محمود ستی سے)پاکستان پیپلز پارٹی نے ضلع مری کی تنظیمی تشکیل نو کرتے ہوئے مرکزی رہنما اور سابق سٹی ناظم عبدالجبار ستی کو ضلع صدر نامزد کر دیا ہے جبکہ ثاقب عباسی کو جنرل سیکرٹری اور پلوشہ عباسی کو انفارمیشن سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی منظوری سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے بعد پارٹی حلقوں میں خوشی اور اطمینان کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ عبدالجبار ستی پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی اور وفادار کارکن سمجھے جاتے ہیں جنہوں نے ہر دور میں پارٹی کی ترجمانی کی۔ ان کا تعلق ایک سیاسی خاندان سے ہے اور ان کے بھائی سار ستی پیپلز پارٹی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے مرکزی عہدیدار بھی رہ چکے ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بطور وزیراعظم ستی خاندان کے ساتھ تاریخی وابستگی آج بھی کارکنوں کو یاد ہے۔ عبدالجبار ستی ماضی میں سٹی ناظم اور تحصیل صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں انتظامی و سیاسی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ نامزدگی کے بعد جیالوں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ عبدالجبار ستی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس ذمہ داری کو عوامی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔