

ڈیرہ غازی خان بیوروچیف چوھدری احمد ڈیلی جستجو نیوز سے ۔
صدرتنظیم المدارس جنوبی پنجاب مولانا مفتی محمد خان باروی کی گفتگو )
مدارسِ دینیہ کے اہم تعلیمی بورڈ اور اہل سنت و جماعت کے مدارسِ دینیہ کے قدیم و عظیم نیٹ ورک تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے تحت درسِ نظامی (عالم کورس)، ایم اے عربی و اسلامیات کے سالانہ امتحانات برائے طلبہ 17 جنوری 2026ء بروز ہفتہ سے شروع ہو رہے ہیں۔ جبکہ طالبات کے امتحانات کا آغاز ہفتہ 7 فروری سے ہوگا۔ اسی طرح تخصص فی الفقہ والافتاء کے امتحانات کا آغاز بھی 7 فروری سے ہوگا۔ امتحانات کا یہ سلسلہ 12 فروری تک جاری رہے گا۔
شعبہ حفظ القرآن کے لاکھوں طلبہ و طالبات کے امتحانات کا سلسلہ 14 رجب المرجب سے شروع ہو چکا ہے جو بلا توقف 14 شعبان المعظم تک جاری رہے گا۔ حفظ القرآن کے امتحانات علاقائی سطح پر حسبِ موقع ضلعی و مقامی قائدین کی مشاورت سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ایک ماہ تک جاری رہتے ہیں، جہاں متعین کردہ امتحانی عملے کے اساتذہ کرام مدارس و جامعات میں قائم امتحانی سنٹروں میں طلبہ سے زبانی امتحان لیتے ہیں۔
امسال ان امتحانات میں 3 لاکھ 64 ہزار 628 طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں، جو سال 2025ء کی تعداد کے مقابلے میں (6 فیصد) اضافہ ہے۔ چونکہ حفظ القرآن کا امتحانی سلسلہ مسلسل جاری رہتا ہے اس اعتبار سے ان شاء اللہ یہ تعداد چار لاکھ سے متجاوز ہوگی۔ درسِ نظامی، تجوید و قرآت اور تخصص فی الفقہ والافتاء کے امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 21,655 افراد پر مشتمل امتحانی عملہ (مرد و خواتین) خدمات سرانجام دے گا۔ فیلڈ عملہ کے معاونین اس کے علاوہ ہیں۔
مختلف درجات و شعبہ جات کے ان امتحانات میں شامل لاکھوں طلبہ و طالبات کے لیے ملک بھر میں ساڑھے چار ہزار کے قریب امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ شعبہ حفظ القرآن کے مراکز کی تعداد کو اس میں شمار کیا جائے تو وہ اس سے کئی گنا زائد ہے، کیونکہ دور دراز دیہاتی و پہاڑی علاقوں کے چھوٹے بچوں کو بڑے امتحانی سنٹر میں آنے کی زحمت سے بچانے کے لیے اسی ادارے کو امتحانی سنٹر قرار دیا جاتا ہے، ایسے امتحانی مراکز دس ہزار سے زائد ہیں۔
الحمد للہ! تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں سے تنظیم المدارس کے امتحانی بورڈ نے گزشتہ کئی سالوں سے آن لائن داخلہ جات اور رول نمبر سلپوں کے اجراء کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے جو روز افزوں ترقی کر رہا ہے اور کامیاب جا رہا ہے۔ آن لائن داخلہ جات اور رول نمبر سلپس کا اجراء صرف مدارس کے ذمہ داران کو خفیہ کوڈ کے ذریعے حاصل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
شعبہ امتحانات کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق امسال امتحانات میں ملک بھر میں (بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان) قائم اہل سنت کے مدارسِ دینیہ کے سالانہ امتحانات کے لیے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ مکمل انتظام و میکنزم تیار کیا گیا ہے، امتحانی نظم کو برقرار رکھنے اور قواعد و ضوابط کی پابندی کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی و صوبائی عہدیداران، چیئرمین امتحانی بورڈ اور مجلسِ عاملہ کے اراکین پر مشتمل علاقائی صوبائی اور ملکی سطح پر انسپکشن ٹیموں (جائزہ و معائنہ ٹیموں) کا مکمل اہتمام کیا گیا ہے۔