لاہور. اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو ساتھ چلنے کی دعوت دے دی۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نواز شریف بھی اسی جی ٹی روڈ سے جلسے میں آئے تھے جہاں سے ہم آئے تھے اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف سے کہتا ہوں کہ آئیں اور ہمارا ساتھ دیں اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو دوبارہ مضبوط کریں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر ہم سب مل کر ہمت کریں تو عمران خان جیل سے باہر آئیں گے، ملک آگے بڑھے گا، ہم پولیس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ قانون کے مطابق عمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ظلم مٹانے نکلے ہیں، ہمارے ساتھ آئیں، ہم ہر اس ادارے اور جماعت کے خلاف ہیں جو آئین پاکستان کی مخالفت کرتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آج سرمایہ دار بھاگ رہا ہے، غریب کی خیر نہیں، جب ہم 8 فروری کو ملک بند کریں گے تو پھر مذاکرات ہوں گے، مذاکرات تب ہی ہوں گے جب یہاں آئین کی بالادستی ہوگی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم پاکستان کے طول و عرض میں ظلم کے خلاف نکلے ہیں، آزادانہ اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں اور جو جیتے وہ قانون کے مطابق حکومت کرے۔
قبل ازیں محمود خان اچکزئی، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر اپوزیشن ارکان پی ٹی آئی ارکان کے ہمراہ زمان پارک پہنچے تو کئی مقامات پر ان کے قافلے کو روکا گیا اور اپوزیشن نے حکومت پر متعدد کارکنوں کو گرفتار کرنے کا الزام عائد کیا۔