قیادت کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عوامی سیاست، جمہوری جدوجہد اور نظریاتی وابستگی کی علامت رہی ہے۔ پارٹی کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور عوامی حقوق کے تحفظ سے عبارت ہے۔ ضلع مری میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم نو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس کے تحت عبدالجبار ستی کو ضلع مری کا صدر نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ثاقب عباسی کو جنرل سیکرٹری اور پلوشہ عباسی کو انفارمیشن سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد نہ صرف تنظیم کو فعال بنانا ہے بلکہ نظریاتی کارکنوں کو آگے لانا بھی ہے۔عبدالجبار ستی کا شمار ان رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے مشکل ادوار میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیا۔ آمریت کے دور ہوں یا سیاسی دباؤ کے حالات، عبدالجبار ستی پارٹی کے ساتھ ڈٹے رہے۔ ان کی سیاسی زندگی محض عہدوں تک محدود نہیں بلکہ عملی جدوجہد اور تنظیمی خدمات سے جڑی ہوئی ہے۔ وہ اس سے قبل سٹی ناظم اور تحصیل صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے انتظامی امور میں اپنی صلاحیتوں کا عملی ثبوت دیا۔ستی خاندان کی پیپلز پارٹی سے وابستگی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ان کے بھائی نثار ستی پاکستان پیپلز پارٹی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے مرکزی رہنما رہے، جبکہ یہ بات بھی تاریخ کا حصہ ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بطور وزیراعظم اپنی کابینہ کے ہمراہ ستی خاندان کی قبر پر حاضری دے چکی ہیں۔ یہ واقعات اس سیاسی وابستگی اور قربانیوں کا ثبوت ہیں جو نسل در نسل پارٹی کے ساتھ نبھائی گئیں۔
ضلع مری جیسے اہم اور حساس علاقے میں پارٹی قیادت کی تبدیلی ایک نئی امید کی کرن سمجھی جا رہی ہے۔ کارکنوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ نئی قیادت نہ صرف تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرے گی بلکہ عوامی مسائل کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔ خاص طور پر بنیادی سہولیات، صحت، تعلیم، روزگار اور سیاحتی علاقوں کے مسائل ایسے موضوعات ہیں جن پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عبدالجبار ستی نے اپنی نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جس احساسِ ذمہ داری کا اظہار کیا، وہ خوش آئند ہے۔ ان کا یہ کہنا کہ عہدہ پارٹی، عوام اور اللہ تعالیٰ کی امانت ہے، ایک مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اگر یہی سوچ عملی اقدامات میں ڈھل جائے تو یقیناً پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مری میں دوبارہ ایک متحرک اور مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر سکتی ہے۔اب اصل امتحان نئی قیادت کے لیے شروع ہو چکا ہے۔ کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنا، عوام کا اعتماد بحال کرنا اور پارٹی کے نظریے کو گلی محلوں تک پہنچانا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ اگر قیادت اور کارکن ایک صفحے پر آ گئے تو وہ دن دور نہیں جب ضلع مری میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر عوامی آواز بن کر سامنے آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *