ناصر چوہدری سیالکوٹ
سیالکوٹ (25 مارچ 2026): اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر نے زائد قیمت وصول کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک بیکری کو 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ یہ کارروائی کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ایک شہری نے دفتر اسسٹنٹ کمشنر میں درخواست دی تھی کہ مذکورہ بیکری کی جانب سے کولڈ ڈرنک اور پانی کی بوتل متعین نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جعفر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شہری کی فراہم کردہ رسید کے ہمراہ بیکری کا دورہ کیا۔ موقع پر جانچ پڑتال کے دوران زائد قیمت وصول کرنے کی تصدیق ہونے پر بیکری انتظامیہ کو 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے خبردار کیا کہ صارفین سے اضافی رقم وصول کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔