جیکب آباد سے اے جی بلوچ کی خبر شامل کرتے هیں جهاں پر آل کلرک ایسوسی ایشن کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت صدر نصراللہ ڈومکی، عید محمد ڈومکی اور اسد اللہ مغیری نے کی۔
احتجاجی ریلی میں بڑی تعداد میں کلرکس اور سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری اضافہ کیا جائے اور ان کے مسائل حل کیے جائیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں ملازمین کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کے جائز حقوق تسلیم کیے جائیں اور ان کے دیرینہ مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔
رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئی جہاں مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
