مسجد عبادت گاہ کے ساتھ اصلاحِ معاشرہ کا مرکز ہوگی:کرنل (ر) ندیم احمد
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
لاہور کے علاقے روڑہ، نیپال میں جامع مسجد اصحابِ بدرؓ کے سنگِ بنیاد کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مذہبی، سماجی اور قانونی شخصیات سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسجد کا سنگِ بنیاد معروف سماجی و کاروباری شخصیت مصطفیٰ جہانگیر بھٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پرینسٹن گروپ آف کمپنیز اور کرنل (ر) ندیم احمد نے رکھا۔
تقریب میں جنید آصف بھٹی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ سمیت دیگر معزز مہمانانِ گرامی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر کرنل (ر) ندیم احمد نے کہا کہ مسجد محض عبادت گاہ نہیں بلکہ اصلاحِ معاشرہ، تربیتِ نسلِ نو اور اتحادِ امت کا عملی مرکز ہوتی ہے۔
منتظمین کے مطابق جامع مسجد اصحابِ بدرؓ تقریباً ڈیڑھ کنال رقبے پر تعمیر کی جا رہی ہے۔ مسجد کے گری اسٹرکچر پر سات کروڑ روپے جبکہ تکمیلی کام پر مزید تین کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ مسجد میں وسیع نماز ہال، وضوخانہ، خواتین کے لیے علیحدہ نماز گاہ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ اہلِ علاقہ کو بہتر دینی ماحول میسر آ سکے۔
یہ مسجد حاجی بشیر احمد مرحوم کے اہلِ خانہ کی جانب سے تعمیر کروائی جا رہی ہے، جنہوں نے اس نیک عمل کو صدقۂ جاریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسجد کی تعمیر کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول اور عوام کو عبادت کی بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔