پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت مل گئی :جلسہ کہاں ہوگا جانیے

کراچی (اوصاف نیوز)سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کرنے کی باضابطہ مشروط اجازت دے دی ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ نے پی ٹی آئی کو جلسے کیلیے اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی سندھ میں جلسہ کر سکتی ہے شرائط پر عملدرآمد لازمی کرنا ہوگا، وہ صوبے میں قانونی اور آئینی سیاسی سرگرمیاں کر سکتی ہے۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ جلسے کے دوران قانون و امن کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی، اشتعال انگیز تقاریر، مواد اور فرقہ ورانہ گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی، اداروں کے خلاف کسی قسم کی تقریر کی اجازت نہیں ہوگی۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا منتظمین کی ذمہ داری ہے، پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازم ہوگا، سکیورٹی وجوہات پر اجازت منسوخ کرنے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کے پاس ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے باغ جناح میں تاخیر سے جلسے کی اجازت کے بعد مزار قائد کے گیٹ کے سامنے جلسے کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی نے شام 5 بجے تک اجازت نامے کا انتظار کیا۔ لیکن ہمارے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ رات میں جلسے کے انتظامات کر سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب باغ جناح میں جلسہ نہیں ہو گا۔ بلکہ مزار قائد کے گیٹ کے سامنے سڑک پر جلسہ کریں گے۔

حلیم عادل شیخ کے بیان پر وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو پہلے ہی واضح طور پر آگاہ کیا گیا تھا کہ باغ جناح میں جلسے کی اجازت ہے۔ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا خود باغ جناح میں موجود تھے۔ اور جلسے کی اجازت بتا دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سڑک پر جلسے کی بات مناسب طرز عمل نہیں۔ اور حکومت پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ باغ جناح کا مطالبہ پی ٹی آئی نے خود کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *